تاشقند (شِنہوا) ازبکستان میں کچرے سے توانائی پیدا کرنے کے 6 منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور ان منصوبوں پر 93 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے اور یہ تمام منصوبے چینی کمپنیوں کے تعاون سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔
صدارتی پریس سروس کے مطابق ان منصوبوں کو 2026 اور 2027 میں مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ یہ کاشکادریا، سمرقند، تاشقند، اندیجان، فرغانہ اور نمنگان کے علاقوں میں قائم کئے جا رہے ہیں۔ کاشکادریا اور سمرقند میں پلانٹس 2026 میں جبکہ دیگر علاقوں میں 2027 میں کام شروع کریں گے۔
مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد یہ پلانٹس ہر سال 36 لاکھ ٹن شہری ٹھوس کچرے کو بروئے کار لائیں گے اور ایک ارب 60 کروڑ کلو واٹ آور بجلی پیدا کریں گے۔ ان منصوبوں سے 500 نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، 15 کروڑ 80 لاکھ مکعب میٹر قدرتی گیس کی بچت ہوگی اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں 3 لاکھ 16 ہزار ٹن کمی آئے گی۔
ان منصوبوں سے ازبکستان میں کچرے سے پاک نظام کی جانب منتقلی میں تیزی ، کچرا پھینکنے کے مقامات پر دباؤ کم ہونے اور مجموعی ماحولیاتی صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے۔


