ہومتازہ ترینچینی صدر کی برطانوی وزیراعظم سے ٹیلی فون پر گفتگو، جامع تزویراتی...

چینی صدر کی برطانوی وزیراعظم سے ٹیلی فون پر گفتگو، جامع تزویراتی شراکت داری برقرار رکھنے پر اتفاق

بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔

برنہم کو برطانوی وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور برطانیہ جامع تزویراتی شراکت دار ہیں۔

شی نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے سماجی نظام اور قومی حالات مختلف ہیں تاہم ان کے درمیان اختلافات کے مقابلے میں مشترکہ مفادات کہیں زیادہ ہیں۔ انہوں نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کا احترام اور باہمی اعتماد برقرار رکھیں، اختلافات پر قابو پائیں، مشترکہ نکات تلاش کریں اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو وسعت دیں۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں حکومتیں اپنی معیشتوں کو ترقی دینے اور عوام کی فلاح و بہبود بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہیں جبکہ دونوں ممالک اپنی اپنی طاقتوں سے ایک دوسرے سے استفادہ کرتے ہوئے باہمی ترقی کو فروغ دے سکتے ہیں۔

شی نے کہا کہ 15 ویں 5 سالہ منصوبے (2026 تا 2030) کے دوران چین تعلیم، صحت اور مالیات سمیت مختلف شعبوں میں مزید وسیع پیمانے پر اپنے دروازے کھولے گا جن میں دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

شی نے نشاندہی کی کہ چین اور برطانیہ دونوں سائنس و ٹیکنالوجی کے بڑے ممالک ہیں اور تعلیم، ثقافت، کھیل اور دیگر شعبوں میں وسیع وسائل رکھتے ہیں۔ انہوں نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ کھلے ذہن اور مستقبل پر نظر رکھنے والا رویہ اپنائیں اور مختلف شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو مضبوط کریں۔

شی جن پھنگ نے امید ظاہر کی کہ برطانوی فریق چینی سرمایہ کاروں کے جائز حقوق اور مفادات کا مکمل تحفظ کرے گا۔

شی نے کہا کہ چین اور برطانیہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان اور دنیا کی بڑی معیشتیں ہونے کے ناطے کثیرجہتی نظام اور آزاد تجارت کی حمایت کرتے ہیں اور اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو برقرار رکھتے ہیں۔

برنہم نے اس سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی برس تک مانچسٹر کے میئر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور اس دوران چین کے ساتھ دوستانہ روابط برقرار رکھے۔ انہوں نے کہا کہ 2015 میں برطانیہ کے سرکاری دورے کے دوران صدر شی جن پھنگ کا مانچسٹر کا دورہ چین کے ساتھ مقامی سطح پر تبادلوں اور تعاون کے فروغ پر نمایاں اثر ڈالنے کا باعث بنا۔

برنہم نے کہا کہ برطانیہ چین سے متعلق اپنی پالیسی میں تسلسل برقرار رکھنے اور برطانیہ اور چین کے درمیان طویل مدتی اور مستحکم تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینے کے لئے پرعزم رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ چین کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلے جاری رکھنے، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے، عوامی سطح پر روابط مضبوط کرنے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو تاریخی طور پر بلند ترین سطح پر بحال کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو مزید بہتر فوائد حاصل ہو سکیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں