بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت تجارت نے جی 20 جیسے کثیرجہتی پلیٹ فارمز کو نام نہاد ’’اقتصادی عدم توازن‘‘ اور ’’ضرورت سے زیادہ پیداواری صلاحیت‘‘ کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے لئے استعمال کرنے کی سخت مخالفت کی ہے۔
چینی وزارت تجارت کی ترجمان ہوانگ لنگ نے چین کے بارے میں امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ کے حالیہ بیانات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس طرح کا بیان دراصل تحفظ پسندی کے لئے ایک پردہ اور چین پر دباؤ ڈالنے اور اسے محدود کرنے کا ایک بہانہ ہے۔
ہوانگ نے مزید کہا کہ ’’اس سے صرف عالمی تجارت اور اقتصادی نظم و نسق متاثر ہوگا اور عالمی معیشت کی صحت مند ترقی کو نقصان پہنچے گا۔‘‘
ہوانگ نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ کثیرجہتی نظام کو برقرار رکھیں، پالیسی رابطے اور ہم آہنگی کو فروغ دیں، کھلے پن اور تعاون کو وسعت دیں اور عالمی صنعتی و سپلائی چینز کو مستحکم اور رواں رکھنے کے لئے مشترکہ کوشش کریں تاکہ باہمی مفادات پر مبنی نتائج حاصل کئے جا سکیں۔


