لاہور (لارڈ میڈیا): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس میں بدعنوان عناصر کی چھانٹی کیلئے آئی جی پنجاب کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اجلاس میں بدنام پولیس افسروں کو ایس ایچ او نہ لگانے کا حکم دیا گیا۔
مریم نواز نے کرپٹ پولیس آفیشل کے خلاف سختی اپنانے کی ہدایت کی اور بچوں و خواتین کے خلاف جرائم پر زیروٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیا۔ اجلاس میں ڈولفن پولیس کا آپریشنل کنٹرول متعلقہ پولیس اسٹیشن سے منسلک کرنے اور پنجاب پولیس کو باڈی کیم سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے قیدیوں کے فرار ہونے کے واقعات پر سخت کارروائی کا حکم دیا اور قیدی کی وین میں جی پی ایس اور کیمرے نصب کرنے کی منظوری دی۔ شیخوپورہ میں جرائم کے خاتمے کیلئے آپریشن کلین اپ کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈکیتی، قتل، کار ڈکیتی اور بائیک چوری کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم پر کوئی رعایت نہیں ہوگی اور امن وامان پہلی ترجیح ہے۔


