اسلام آباد (لارڈ میڈیا) محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمے کے مطابق اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں 27 اگست سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اسلام آباد میں آج موسم گرم اور خشک جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے اور دن کے بیشتر اوقات میں موسم خشک رہے گا۔
کل 26 اگست کو اسلام آباد میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ 27 اگست سے شہر میں تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں گرمی اور حبس کی کیفیت برقرار ہے اور سمندری ہواؤں کی رفتار کم ہو گئی ہے۔ آج کراچی میں درجہ حرارت 33 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی ہے اور جنوب مغربی سمت سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں، جس کے باعث گرمی اور حبس کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے۔
دو دن قبل محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا تھا۔ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور پہاڑی و نشیبی علاقوں میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل ایک ہفتے تک جاری رہنے والی موسلادھار بارشوں کے باعث راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔


