کراچی (لارڈ میڈیا): نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کیس کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس فیروزآباد پولیس اسٹیشن میں مکمل ہوگیا، جہاں اہم افسران سے پوچھ گچھ کی گئی۔
اجلاس تقریباً پونے چار گھنٹے جاری رہا جس میں ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن عامر فاروقی، ایس ایس پی علی رضا، ایس پی انویسٹی گیشن قیس خان، اور ڈی ایس پی سراج لاشاری سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔
سابق ڈی ایس پی شاہراہ فیصل ارشد آفریدی اور سابق ایس ایچ او گلستان جوہر کامران قریشی کو بھی اجلاس میں طلب کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، میر رضا کی لاش کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔ موبائل افسر سے لے کر ڈی ایس پی رینک تک کے افسران و اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی گئی۔
تحقیقاتی ٹیم کو ٹیکنیکل معاونت فراہم کرنے والی سی پی ایل سی کی ٹیم بھی اجلاس میں شریک ہوئی۔
اجلاس کے بعد تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان جائے وقوعہ اور کرائم سین کے معائنے کے لیے پہنچے، جہاں ڈی آئی جی نے نرسری کے ملازمین سے معلومات حاصل کیں۔
ڈی آئی جی عامر فاروقی کا کہنا تھا کہ تفتیش جاری ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد میڈیا سے بات کریں گے۔


