ہومتازہ ترینامریکہ کا ایئر فرانس اور کے ایل ایم پر 4 لاکھ 25...

امریکہ کا ایئر فرانس اور کے ایل ایم پر 4 لاکھ 25 ہزار ڈالر جرمانہ

واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے فرانسیسی ایئرلائن ایئر فرانس اور نیدرلینڈز کی فضائی کمپنی کے ایل ایم پر عراقی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی طور پر 425,000 امریکی ڈالر کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

دونوں ایئرلائنز پر الزام ہے کہ انہوں نے عراق کی فضائی حدود "بغداد فلائٹ انفارمیشن ریجن” میں 32,000 فٹ سے کم بلندی پر پرواز کی۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے سکیورٹی خدشات کے باعث امریکی ایئرلائنز کی پروازوں پر یہ پابندی عائد کر رکھی ہے۔

ایئر فرانس اور کے ایل ایم کی یہ پروازیں امریکی ایئرلائن ڈیلٹا ایئر کے ساتھ مشترکہ معاہدے کے تحت کوڈ شیئر پر چلائی جا رہی ہیں، جس کے تحت امریکی حفاظتی قوانین کا اطلاق ہوتا ہے۔

اس خلاف ورزی کا دورانیہ 2022 سے 2025 کے درمیان ہے۔ امریکی ایوی ایشن حکام کے مطابق ایئر فرانس کی 30 سے زائد اور کے ایل ایم کی 100 سے زائد پروازیں ممنوعہ عراقی فضائی حدود سے گزریں۔

کے ایل ایم پر 320,000 اور ایئر فرانس پر 105,000 ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ دونوں ایئرلائنز کو 265,000 ڈالر اگلے 60 دنوں میں ادا کرنے ہوں گے، جبکہ باقی رقم اس صورت میں معاف ہوسکتی ہے اگر اگلے ایک سال میں دوبارہ ایسی خلاف ورزی نہ کی گئی۔

دونوں ایئرلائنز نے امریکی حکام کو بتایا کہ وہ ریگولیٹری قوانین کی پاسداری کے لیے پرعزم ہیں اور وضاحت کی کہ فضائی ٹریفک کے دباؤ کے باعث عراقی ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے ان کے پائلٹس کو بلندی کم کرنے کی ہدایات دیں، جن پر عمل کرنا ضروری تھا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں