لاہور (لارڈ میڈیا) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے آف سیزن میں چھ کھلاڑیوں پر مشتمل نیا ٹورنامنٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد لیگ کو متحرک رکھنا اور آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کرنا ہے۔ پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے ایک پوڈکاسٹ میں کہا ہے کہ بورڈ اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔
سلمان نصیر نے مزید کہا کہ ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، مگر بورڈ کے پاس کچھ دلچسپ منصوبے ہیں، جن میں پی ایس ایل سکسز بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس ٹورنامنٹ کو باقاعدگی سے منعقد کیا گیا تو یہ شائقین کے لیے دلچسپ اور تفریحی ہوگا۔
پی سی بی چھوٹے شہروں اور ایسے اسٹیڈیمز تک ایونٹ لے جانے پر بھی غور کر رہا ہے جہاں پی ایس ایل کے میچز نہیں ہوئے۔ سلمان نصیر نے کہا کہ ان علاقوں میں بھی کرکٹ کے شائقین موجود ہیں، اور چھوٹے پیمانے پر ٹورنامنٹ کا انعقاد ممکن ہو سکتا ہے۔
پی ایس ایل سکسز کا فارمیٹ ہانگ کانگ سکسز سے متاثر ہوگا، لیکن دونوں کے طریقہ کار میں فرق ہو سکتا ہے۔ ہانگ کانگ سکسز میں دنیا کے مختلف ممالک کی ٹیمیں حصہ لیتی ہیں، جبکہ مجوزہ پی ایس ایل سکسز میں پی ایس ایل کی طرح مختلف شہروں یا علاقوں کی فرنچائز ٹیمیں شامل ہوں گی۔
ہانگ کانگ سکسز کی تاریخ میں پاکستان کامیاب ترین ٹیم رہی ہے اور پاکستان اب تک چھ مرتبہ اس کا ٹائٹل جیت چکا ہے۔


