ہومتازہ ترینچین کی ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں نمایاں پیش رفت، ماحول دوست...

چین کی ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں نمایاں پیش رفت، ماحول دوست ترقی کی راہ متعین کر دی

بیجنگ (شِنہوا) ماحولیات کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا ہے کہ چین نے حالیہ برسوں میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور بتدریج ایک ماحول دوست اور کم کاربن پر مبنی ترقی کی راہ ہموار کی ہے۔

چین کے نائب وزیر ایکالوجی اینڈ انوائرمنٹ لی گاؤ نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو ایک نیوز کانفرنس کے دوران کیا جہاں وزارت کی جانب سے ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے چین کی پالیسیوں اور اقدامات پر مبنی سالانہ رپورٹ جاری کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق 2025 میں چین کے مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کی فی اکائی کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 2020 کی سطح کے مقابلے میں 17.7 فیصد کمی آئی۔ توانائی کی کل کھپت میں غیر فوسل توانائی کا حصہ 21.7 فیصد رہا۔ ہوا اور شمسی توانائی کی مجموعی نصب شدہ پیداواری صلاحیت 1.84 ارب کلوواٹ تک پہنچ گئی جبکہ جنگلات میں لکڑی کا مجموعی ذخیرہ 20.99 ارب مکعب میٹر ریکارڈ کیا گیا۔

چین کی یہ پیش رفت ماحول دوست اور کم کاربن کی جانب تبدیلی کا عمل تیز کرنے کی مسلسل کوششوں کی مرہون منت ہے۔

لی نے کہا کہ چین نے دنیا کا سب سے بڑا اور مکمل طور پر ماحول دوست توانائی پر مبنی صنعتی سلسلہ قائم کیا ہے، یہ صنعتیں معاشی نمو کا اہم محرک بن چکی ہیں۔

2026 کی پہلی ششماہی تک چین میں قابل تجدید توانائی کی مجموعی صلاحیت 2.46 ارب کلوواٹ تک پہنچ گئی ہے جو ملک میں بجلی پیدا کرنے کی کل گنجائش کا 60.7 فیصد ہے۔ جولائی کے اختتام پر شمسی توانائی کی صلاحیت تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئلے کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چین کا سب سے بڑا توانائی کا ذریعہ بن گئی۔

مزید برآں فعال اور منظور شدہ ایٹمی بجلی گھروں کی مجموعی صلاحیت کے لحاظ سے بھی چین دنیا میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ نئی توانائی کی گاڑیوں کی پیداوار اور فروخت کے معاملے میں بھی چین مسلسل 11 سال سے عالمی سطح پر سرفہرست ہے۔

لی نے کہا کہ چین نے دنیا کی سب سے بڑی کاربن اخراج کی تجارتی منڈی قائم کی ہے، جس کا دائرہ کار تقریباً 8.3 ارب ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ پر محیط ہے، جو ملک کے مجموعی اخراج کا 65 فیصد سے زیادہ ہے۔ کاربن اخراج کے اجازت ناموں کی مجموعی تجارتی مقدار حال ہی میں ایک ارب ٹن سے تجاوز کر گئی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں