اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے ملاقات کی جس میں پاک امریکا دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستانی آم اور کھجور کی امریکی منڈی تک رسائی کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔
سیکرٹری تجارت جواد پال نے بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے پر جاری مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، تاہم مجوزہ تجارتی معاہدے کی تکنیکی شقوں پر مزید بات چیت درکار ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینا پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زرعی اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
ملاقات کے دوران معدنیات، کان کنی، تکنیکی تعاون اور ہنرمند افرادی قوت کی ترقی کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا، جس پر امریکی وفد نے پاکستان کے معدنیاتی شعبے میں سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے پاکستان کے ساتھ تجارت، زراعت، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ آخر میں دونوں ممالک نے تجارتی مذاکرات آگے بڑھانے اور ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔


