ہوماہم ترینفلسطینی ریاست کے قیام کے لیے حتمی مدت مقرر کی جائے، پاکستان

فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے حتمی مدت مقرر کی جائے، پاکستان

نیویارک (لارڈ میڈیا): پاکستان نے غزہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی قبضے کے مستقل خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان نے کہا ہے کہ عالمی کوششوں کو ایک حتمی اور ناقابلِ تنسیخ مدت کے تعین پر مرکوز کیا جائے جس کے تحت 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے کہا کہ جب تک قبضہ جاری رہے گا اور فلسطینی عوام کو حق خودارادیت حاصل نہیں ہوگا، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی ہفتے کے دوران مسئلہ فلسطین پر خصوصی توجہ دی گئی۔ مختلف اجلاسوں میں دو ریاستی حل پر بین الاقوامی اتفاق رائے سامنے آیا۔

عثمان جدون نے کہا کہ قرارداد 2803، غزہ تنازع کے خاتمے کے لیے جامع منصوبہ اور نیویارک اعلامیہ اس مقصد کے حصول کے لیے ایک دوسرے کو تقویت دیتے ہیں۔ تاہم ان کے بقول اسرائیل کی زمین پر قبضے کی دانستہ کوششیں اس اتفاق رائے کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

پاکستانی مندوب نے مطالبہ کیا کہ قرارداد 2334 کے مطابق یہودی بستیوں کی تمام سرگرمیاں بند کی جائیں اور ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مسجد اقصیٰ میں اشتعال انگیز دراندازی کی مذمت کرتے ہوئے مقدس مقامات کی تاریخی حیثیت برقرار رکھنے کا مطالبہ بھی کیا۔

غزہ کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں اور انسانی امداد کی فراہمی پر پابندیاں بحران کو مزید سنگین بنا رہی ہیں۔ جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی ضروری ہے۔

عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان جبری بے دخلی اور مغربی کنارے کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی بھی مذمت کی اور سعودی عرب کی سلامتی کی حمایت کا اعادہ کیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں