جیو چھوان (شِنہوا) چین کا ژو چھوئے-2 ای وائی 4 کیریئر راکٹ شمال مغربی علاقے میں واقع ڈونگ فینگ کمرشل سپیس انوویشن پائلٹ زون سے کامیابی کے ساتھ روانہ ہو گیا۔
بیجنگ کے وقت کے مطابق راکٹ شام 7 بج کر 40 منٹ پر فضا میں بلند ہوا اور اس نے 10 مصنوعی سیارے ان کے مقررہ مداروں میں پہنچا دیئے۔
روانگی کا یہ آزمائشی مشن مکمل طور پر کامیاب قرار دیا گیا۔
اس پرواز میں اے ڈی اے سپیس ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ (اے ڈی اے سپیس) کا تیار کردہ 8 مصنوعی سیاروں پر مشتمل ’’سٹار کمپیوٹ‘‘ منصوبے کا گروپ 02 بھی شامل تھا جو صبح و شام کے مدار میں کام کرنے کے لئے تیار کئے گئے ہیں۔
تجارتی خلائی فضائی ادارے اے ڈی اے سپیس کے مطابق یہ مصنوعی سیارے اعلیٰ کارکردگی والے کمپیوٹنگ، تیز رفتار انٹر سیٹلائٹ اور سیٹلائٹ سے زمین تک لیزر کمیونیکیشن، کم روشنی میں کام کرنے والے کیمروں اور دیگر آلات سے لیس ہیں۔
یہ مصنوعی سیارے مدار کے اندر بنیادی ٹیکنالوجیز کی تصدیق کریں گے، جن میں 10 ہزار واٹ کی صلاحیت والے مائع سے ٹھنڈا کرنے کے نظام، بڑے حجم کے قابل پھیلاؤ ریڈی ایٹر کولنگ پینلز، لیزر کے ذریعے رابطے کے وسیع نیٹ ورکس اور مدار میں بنیادی اے آئی ماڈلز کی تربیت شامل ہیں۔
اے ڈی اے سپیس کا کہنا ہے کہ وہ 02 گروپ کے مصنوعی سیاروں کی مدار میں آزمائش کرنے، ٹیکنالوجی میں ترقی لانے اور خلائی کمپیوٹنگ ٹیکنالوجی اور اس صنعت میں جدت کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
سٹار کمپیوٹ کمپنی کا ایک اہم منصوبہ ہے جس کا مقصد 2,800 کمپیوٹنگ مصنوعی سیاروں پر مشتمل مصنوعی ذہانت کا حامل خلائی بنیادی ڈھانچہ قائم کرنا ہے۔ اس منصوبے کے مصنوعی سیاروں کا پہلا گروپ مئی 2025 میں کامیابی سے خلا میں بھیجا گیا تھا جبکہ تیسرے گروپ کی 2026 میں مدار میں تعیناتی طے ہے۔


