بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت خزانہ نے ہانگ کانگ میں 20اور 21 اکتوبر کو ہونے والے اپیک وزرائے خزانہ اجلاس کے اہم ایجنڈا نکات اور متوقع نتائج کی تفصیلات جاری کر دیں۔
وزارت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ چین چار اہم موضوعات پیش کرے گا جن میں عوامی فلاح و بہبود کے لئے مالیاتی پالیسیوں کی معاونت، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے لئے مالی وسائل کی فراہمی، مقامی حالات کے مطابق جامع مالیاتی سہولیات کا فروغ اور اپیک کی معیشتوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان مالیاتی ماہرین کے درمیان تبادلوں اور تعاون کو فروغ دینا شامل ہیں۔
عہدیدار نے کہا کہ معیشتوں کو جدت اور جامع ترقی کی بہتر معاونت کے لئے معاشی پالیسیوں میں ہم آہنگی مضبوط بنانے اور مناسب مالیاتی و معاشی پالیسیاں اختیار کرنے کی فوری ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی دوران ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت میں تیز رفتار ترقی نے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری اور مالی وسائل کی فراہمی کی نئی ضروریات پیدا کی ہیں۔ اس کے ساتھ نوجوان مالیاتی ماہرین کے درمیان تبادلوں کو بہتر بنانے اور مستقبل میں پالیسی سازی کی صلاحیت مضبوط کرنے کی اہمیت بھی اجاگر ہوئی ہے۔
اجلاس میں اپیک کی 21 معیشتوں کے وزرائے خزانہ یا ان کے نمائندوں کے علاوہ متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں اور شراکت دار اداروں کے سینئر نمائندے بھی شرکت کریں گے۔
عہدیدار نے کہا کہ اجلاس کے دوران اپیک کی معیشتوں کے نمائندے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے اور اتفاق رائے پر مبنی دستاویزات اور دیگر نتائج مرتب کرنے کے لئے کام کریں گے۔
عہدیدار نے کہا کہ ان نتائج کے ذریعے ہم تمام فریقوں کے مفید تجربات سے استفادہ کرنے، پالیسیوں پر تبادلوں اور تجربات کے اشتراک کو فروغ دینے ، ایشیا بحرالکاہل میں مالیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور خطے کی اقتصادی ترقی کو برقرار رکھنے کے لئے معاونت فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔
عہدیدار نے بتایا کہ ہانگ کانگ میں ہونے والا یہ اجلاس نومبر میں شین زین میں منعقد ہونے والے اپیک کے 33ویں اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس سے قبل مالیاتی شعبے میں تعاون کے حوالے سے پیش رفت کو آگے بڑھائے گا۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ چین اپیک کے تمام رکن ملکوں کے ساتھ مل کر کثیرجہتی نظام کے تحفظ، معاشی پالیسیوں میں ہم آہنگی کو مضبوط بنانے، علاقائی صنعتی و ترسیلی سلسلے کے استحکام اور فعالیت کو برقرار رکھنے اور ایشیا بحرالکاہل میں طویل مدتی پائیدار اقتصادی ترقی کے مشترکہ فروغ کے لئے تیار ہے تاکہ ایشیا بحرالکاہل برادری کی تشکیل کو آگے بڑھایا جا سکے۔


