ہومتازہ ترین16 ویں ایئر شو چائنہ میں چاند کے قریب اور دور دراز...

16 ویں ایئر شو چائنہ میں چاند کے قریب اور دور دراز حصوں سے لائے گئے نمونوں کی نمائش کی جائے گی

بیجنگ (شِنہوا) چین کی ریاستی انتظامیہ برائے سائنس، ٹیکنالوجی اور قومی دفاعی صنعت (ساسٹنڈ) نے کہا ہے کہ چاند کے قریبی اور دور دراز حصوں سے لائے گئے نمونے 16 ویں چائنہ انٹرنیشنل ایوی ایشن اینڈ ایئرو سپیس ایگزیبیشن، جسے ایئر شو چائنہ بھی کہا جاتا ہے، میں نمائش کے لئے پیش کئے جائیں گے۔

ساسٹنڈ کی عہدیدار یی لین نے بیجنگ میں نمائش کے متعلق منعقدہ ایک میڈیا کانفرنس میں بتایا کہ سیاح چاند کے قریبی حصے سے ’چھانگ ای-5‘ اور دور دراز حصے سے ’چھانگ ای-6‘ کے ذریعے لائے گئے چاند کے نمونوں کے درمیان فرق کا باریک بینی سے مشاہدہ کر سکیں گے۔

یہ ایئر شو چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے ساحلی شہر ژوہائی میں 7 سے 13 دسمبر تک منعقد ہو گا۔

گوانگ ڈونگ کے ایگزیکٹو وائس گورنر ژانگ ہو کے مطابق رواں سال ایئر شو کے دائرہ کار کو وسعت دی گئی ہے جس میں نمائش کا اندرونی رقبہ ایک لاکھ 35 ہزار مربع میٹر ہے۔ نمائش میں 3 ہزار سے زائد آلات پیش کئے جانے کی توقع ہے جن میں سے تقریباً 10 فیصد آلات پہلی بار عوام کے سامنے لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی نمائش گاہ میں 170 سے زائد طیارے پیش کئے جائیں گے، تقریباً 50 ممالک اور علاقوں سے 1,100 سے زائد کمپنیوں نے اس ایئر شو میں شرکت کے لئے اندراج کرایا ہے۔

رواں سال ایئر شو پہلی بار تین حصوں پر مشتمل ہوگا، ان میں ایک مرکزی نمائش گاہ، بغیر پائلٹ آلات (ڈرونز وغیرہ) اور ایک بحری سامان کا شعبہ شامل ہے۔

نمائش میں خلائی ترقی کے شعبے میں چین کی بعض تازہ ترین کامیابیوں کو پیش کیا جائے گا۔ چائنہ ایئرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کارپوریشن نمائش کے لئے ایسے نمونے لائے گی جن میں ہیوی لفٹ لانچ وہیکل کا پہلے مرحلے کا انجن اور تیان وین-2 کا مرکزی مہم شامل ہے۔ علاوہ ازیں ایئرو انجن کارپوریشن آف چائنہ تقریباً 90 اقسام کے طیاروں کے انجن، جدید مٹیریل اور دیگر اشیاء نمائش کے لئے پیش کرے گی۔

ایئر شو کے ساتھ ساتھ ایک فورم بھی منعقد کیا جائے گا جس میں خلائی تجارت، خلائی طب اور انسانی صحت جیسے موضوعات پر صنعتی حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

رواں سال ’ایئر شو چائنہ‘ کے آغاز کی 30 ویں سالگرہ ہے۔ 1996 میں شروعات کے بعد سے یہ ملکی و غیر ملکی جدید ایوی ایشن اور ایئرو سپیس ٹیکنالوجیز اور آلات کی نمائش کا ایک اہم ذریعہ اور اس میں تجارتی تعاون کے فروغ کا ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم بھی بن چکا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں