ادیس ابابا (شِنہوا) چائنہ سدرن ایئر لائنز کی ایک پرواز پیر کی شب ایتھوپیا میں اتری، جس کے ساتھ چین اور ایتھوپیا کے درمیان چینی فضائی کمپنی کے زیر انتظام نئے اور واحد فضائی روٹ کی پہلی پرواز کامیابی سے مکمل ہو گئی۔
200 سے زائد مسافروں کو لے جانے والی پرواز کا ایتھوپیا پہنچنے پر روایتی واٹر کینن سلیوٹ سے استقبال کیا گیا۔
ایک سیاحتی گروہ کے سربراہ ژو بنگ ہونگ نے کہا کہ ہمارا گوانگ ژو سے تعلق رکھنے والا 20 افراد پر مشتمل سیاحتی گروہ ہے۔ ہم نے ادیس ابابا کے لئے چائنہ سدرن ایئر لائنز کی پہلی پرواز کے ذریعے سفر کیا۔ ہم کافی پرجوش ہیں اور یہ ایک یادگار موقع بھی تھا۔
ژو کے مطابق سیاحوں کا یہ گروپ 9 روز تک ایتھوپیا میں قیام کرے گا، جہاں وہ دارالحکومت اور جنوبی ایتھوپیا کے قبائل کا دورہ کرے گا۔
مسافر پرواز ہفتے میں دو بار پیر اور جمعہ کے دن چین کے مرکزی شہر چھانگ شا کے راستے چین کے جنوبی شہر گوانگ ژو اور ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا کے درمیان چلائی جائے گی۔
چین افریقہ اقتصادی و تجارتی تعاون اور عوامی تبادلوں میں مسلسل اضافے کے پیش نظر چائنہ سدرن ایئر لائنز نے کہا ہے کہ وہ دونوں جانب رابطوں کو فروغ دینے کے لئے بین البراعظمی روٹس کی تلاش اور چین و افریقہ کے درمیان فضائی رابطوں کو وسعت دینے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔


