ژوہائی/مکاؤ (شِنہوا) چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر ژوہائی کو چین کے خصوصی انتظامی علاقے مکاؤ سے ملانے والی گونگ بی پورٹ سے رواں سال اتوار تک سفری دوروں کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ سرحدی حکام کے مطابق یہ سنگ میل 2025 کے مقابلے میں دو ہفتے پہلے حاصل ہوا۔
بہت سے مسافروں کے لئے یہ سرحدی گزرگاہ روزانہ کام یا تعلیم کے لئے آنے جانے کے سفر کا حصہ ہے۔ گونگ بی بارڈر انسپکشن سٹیشن کے مطابق گوانگ ڈونگ، ہانگ کانگ اور مکاؤ سے تعلق رکھنے والے باقاعدگی سے سفر کرنے والے افراد مجموعی آمدورفت کا تقریباً 70 فیصد ہیں۔
سٹیشن کے مطابق غیر ملکی مسافروں کی آمدورفت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ رواں سال گونگ بی گزرگاہ سے تقریباً 7 لاکھ مرتبہ سرحد پار آمدورفت ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہے۔
گونگ بی میں اہل مسافر، جو اپنے چہرے اور انگلیوں کے نشانات کا ڈیٹا رجسٹر کرا چکے ہیں، سفری دستاویزات پیش کئے بغیر خودکار راستوں سے گزر سکتے ہیں۔ سکول اور دفاتر کے اوقات میں رش ایک ساتھ ہونے کی صورت میں طلبہ کے لئے مخصوص راستے بھی مختص ہیں۔
مکاؤ کے ایک رہائشی چھن نے کہا کہ ’’اب سرحد پار کرنا تیز اور آسان ہو گیا ہے۔ دونوں شہروں کے درمیان آنا جانا روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکا ہے۔‘‘
مکاؤ کی جانب پولیس حکام مسافروں کی آمدورفت کو مزید تیز رکھنے کے لئے آئرس یعنی آنکھ کی پتلی کی شناخت کے ذریعے کلیئرنس کی سہولت کے اہل افراد کا دائرہ بڑھانے اور مزید خودکار راستے قائم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔


