لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب میں دہشتگرد تنظیموں کی جانب سے عوامی اجتماعات کو ٹارگٹ کرنے کے خدشے پر 10 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی اطلاعات کے مطابق دہشتگرد تنظیمیں عوامی اجتماعات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عوامی امن و سکون اور جان و مال کو لاحق سنگین خطرات کی بنا پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 6 سے 15 اکتوبر تک عوامی مقامات پر 5 یا زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں ہتھیاروں کی نمائش اور غیر قانونی اجتماعات میں شرکت کی ترغیب دینے پر بھی پابندی ہو گی۔ تاہم شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کے اجتماعات پر پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔
عدالتیں، حکومتی ادارے اور باضابطہ اجازت سے ہونے والی تقریبات بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سکیورٹی اہلکاروں پر بھی پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔


