کراچی (لارڈ میڈیا): اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مالی سال 2025-26 کی سالانہ پیمنٹ سسٹمز ریویو رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریٹیل ادائیگیوں کے حجم میں سالانہ 58 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران ریٹیل ادائیگیوں کی مجموعی مالیت 673 ٹریلین روپے ریکارڈ کی گئی۔ یہ تبدیلی ملک میں ادائیگیوں کے نظام میں تیزی سے آنے والی تبدیلی اور ڈیجیٹل ذرائع کے بڑھتے ہوئے استعمال کی عکاسی کرتی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران رسمی بینکنگ چینلز کے ذریعے 14.3 ارب ریٹیل ٹرانزیکشنز ہوئیں، جن میں سے 13.2 ارب ٹرانزیکشنز ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے انجام دی گئیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق موبائل فون، انٹرنیٹ بینکاری اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے ادائیگیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ موبائل فون پر مبنی ادائیگیوں کی تعداد مالی سال 2025-26 کے دوران 11.1 ارب سے تجاوز کرگئی۔
رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ بینکاری پورٹلز کے ذریعے تقریباً 0.3 ارب ٹرانزیکشنز ہوئیں، جبکہ ای کامرس ادائیگیوں کا اکاؤنٹ پر مبنی آن لائن ادائیگیوں میں 96 فیصد حصہ ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران ادائیگیوں کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت، ریٹیل ٹرانزیکشنز کے بڑھتے حجم اور ڈیجیٹل چینلز کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے، جس سے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کا استعمال وسعت اختیار کر رہا ہے۔


