ملتان (لارڈ میڈیا) پاکستان انڈر 17 کرکٹ ٹیم کا سری لنکا انڈر 17 کے خلاف ہوم سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اذان احمد کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
اذان احمد نے اس سے قبل راولپنڈی کو نیشنل انڈر 17 کپ جتوایا تھا، جس کی بنیاد پر انہیں قومی انڈر 17 ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔
پاکستان اور سری لنکا انڈر 17 ٹیموں کے درمیان سیریز 9 سے 24 اکتوبر تک ملتان میں ہوگی۔ سیریز میں ایک تین روزہ اور پانچ ایک روزہ میچز شامل ہوں گے۔ سری لنکن ٹیم 5 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی۔
پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ میں کپتان اذان احمد کے علاوہ عبداللہ احمد بٹ، ارسلان حسن، داؤد توقیر رانا اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔ ریزرو کھلاڑیوں میں عمار خان، عماد علی شاہ، نفیس اختر اور ثاقب خان شامل ہیں۔
کھلاڑیوں کو اپنی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملے گا اور سیریز کے دوران ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز کی نظریں نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی پر ہوں گی۔


