اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) اور ٹیک ویلی پاکستان کے درمیان ہاکی کی ترقی کے لئے ایک معاہدہ طے پایا ہے۔ اس معاہدے کا مقصد ہاکی کی انتظامی امور کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور کھلاڑیوں کی تربیت کو بہتر بنانا ہے۔
تقریب میں پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی اور ٹیک ویلی پاکستان کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر فاروق نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر گوگل کے عالمی نمائندے بھی موجود تھے۔
اس معاہدے کے تحت ٹیک ویلی کو تین سال کے لیے پی ایچ ایف کا آفیشل ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔ پی ایچ ایف اور اس سے منسلک اداروں کے درمیان ڈیجیٹل مواصلات اور ریکارڈ کی دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔
معاہدے میں ڈیجیٹل پلیئر پرفارمنس اینڈ ٹیلنٹ ڈیٹا بیس کے قیام کی تجویز شامل ہے، جو کھلاڑیوں کی کارکردگی، میڈیکل ہسٹری اور فٹنس کا ریکارڈ رکھے گا۔
کوچنگ اسٹاف کے لیے میچز کی فوٹیج کے تجزیے اور حریف ٹیموں کے خلاف حکمت عملی تیار کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت اور جدید تجزیاتی ٹولز فراہم کیے جائیں گے۔
ایم او یو میں پی ایچ ایف کے منتظمین، کوچز اور اسپورٹس مینجرز کے لیے تربیتی اور سرٹیفیکیشن پروگرام شامل ہیں۔ ریجنل ہاکی اکیڈمیوں کو ڈیجیٹل آلات کا استعمال سکھایا جائے گا۔
ٹیک ویلی کی جانب سے تکنیکی مشاورت، ڈیٹا کی منتقلی اور منصوبے کی کوآرڈینیشن کے لیے پروجیکٹ لیڈز کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
اس تعاون کا مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے میچز کے نتائج، لائیو اسٹریمنگ اور شائقین کی دلچسپی کو برقرار رکھنا ہے۔ ایم او یو بذاتِ خود کوئی مالیاتی پابندی عائد نہیں کرتا، تمام اخراجات کے لیے الگ معاہدے کیے جائیں گے۔


