اسلام آباد (لارڈ میڈیا): اسلام آباد کو صوبہ بنانے کے لیے شہر کی تاجر تنظیمیں میدان میں آگئیں ہیں۔ اسلام آباد چیمبر اینڈ کامرس نے جمعہ کو ایک بڑا کنونشن بلالیا ہے جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی مہمان خصوصی ہوں گے۔ کنونشن میں اسلام آباد کو وفاقی اکائی کا آئینی درجہ دلانے کے چارٹر کی منظوری لی جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کل ہونے والے اس کنونشن کے مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ منتخب نمائندے، بار ایسوسی ایشنز، تجارتی و صنعتی تنظیموں کے نمائندے بھی مدعو ہیں۔ کنونشن میں مزدوروں، پیشہ ورانہ تنظیموں اور سول سوسائٹی کی نمائندگی بھی ہوگی۔
مجوزہ چارٹر میں یہ کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کی اپنی منتخب حکومت، اسمبلی اور وزیراعلیٰ ہونا چاہیے۔ چارٹر میں 120 دن کے اندر اسمبلی اور یونین کونسلوں کے انتخابات کرانے، اسلام آباد سے جمع ٹیکسز اور فیسوں کا حصہ آئی سی ٹی حکومت کو دینے، اور این ایف سی کے متبادل اسلام آباد کو آبادی اور افراط زر سے منسلک سالانہ رقم دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
چارٹر میں سی ڈی اے کو صرف ماسٹر پلاننگ اور ریگولیٹری اتھارٹی تک محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ سی ڈی اے کے باقی انتظامی امور اسلام آباد کی منتخب حکومت کو منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ وفاقی اختیار اسلام آباد میں صرف امن و امان اور ماسٹر پلاننگ تک محدود رکھنے کی تجویز اور اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے لیے الگ ترقیاتی فنڈز کی ضمانت دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔


