لندن (لارڈ میڈیا) برطانیہ میں شہریوں کو ممکنہ شدید موسمی حالات کے پیش نظر ضروری خوراک اور پانی پہلے سے ذخیرہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ ہدایات ال نینو کے ممکنہ اثرات کی تیاری کے تناظر میں دی گئی ہیں۔
برٹش نیوٹریشن فاؤنڈیشن کی ڈاکٹر سیمی گل نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ طویل عرصے تک خراب نہ ہونے والی خوراک جیسے ڈبہ بند پھل، چنے، ڈبہ بند چکنی مچھلی، دیر تک محفوظ رہنے والی کاربوہائیڈریٹس اور دودھ گھر میں رکھیں۔ انہوں نے ڈبہ بند سوپ اور زیادہ نمک والی اشیا سے گریز کی تجویز دی ہے۔
حکومت نے شہریوں کو بنیادی تیاری کی ہدایت دی ہے۔ وزیر ماحولیات انجیلا ایگل کے مطابق ممکنہ ہنگامی حالات میں امدادی اداروں کے پہنچنے تک گھر میں خوراک اور دیگر ضروری اشیا موجود ہونا مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
برطانوی فوڈ اینڈ ڈرنک فیڈریشن نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی پھلوں، سبزیوں اور اناج کی پیداوار پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ ڈاکٹر لیلیانا دانیلا نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ اور عالمی عوامل کی وجہ سے خوراک کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہنگامی تیاری کے طور پر خوراک اور پانی ذخیرہ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی شدید موسم یا رسد میں رکاوٹ کی صورت میں فوری طور پر امدادی اداروں پر انحصار نہ کرنا پڑے۔


