لاہور (لارڈ میڈیا) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی ہے۔ جسٹس عبہر گل خان نے اس درخواست کی سماعت کی۔
عدالت میں عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی جانب سے مدثر عمر ایڈووکیٹ اور بیرسٹر تیمور پیش ہوئے جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے فرخ لودھی ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔
لاہور ہائیکورٹ نے نظر بندی کا نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے اور جواب طلب کرلیا۔
نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو 30 روز کے لیے نظر بند کیا گیا ہے اور انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق علیمہ خان کو بھی کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا ہے۔


