کوئٹہ (لارڈ میڈیا) بلوچستان حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی کے مطابق یہ اقدام 23 ستمبر 2026 سے 30 روز کے لیے نافذ العمل ہوگا۔
دفعہ 144 کے تحت عوامی مقامات پر اسلحے کی نمائش، اجتماع اور جلوسوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ بابر یوسفزئی نے مزید بتایا کہ پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، دھرنوں، ریلیوں اور مظاہروں پر بھی پابندی ہوگی۔
عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے، نقاب یا ایسے ذرائع استعمال کرنے پر بھی پابندی ہوگی جو شناخت میں رکاوٹ بنیں۔ قانون کی خلاف ورزی پر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ موجودہ اقدامات کا مقصد عوامی امن، قانون و نظم اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے۔


