اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے کسی بھی قسم کے اجتماع یا اکٹھ کی اجازت نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو پابندی کی خلاف ورزی سے بچنے کی ہدایت کی ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے مطابق اسلام آباد میں تمام اجتماعات پر پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر ایکٹ 2024 کے تحت پابندی عائد ہے، اور قانون کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس قانون کی خلاف ورزی پر 3 سال تک قید کی سزا مقرر ہے، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دوسری جانب حکومت پنجاب نے بھی صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے، جس کے تحت عوامی اجتماعات، ریلیوں اور جلسوں پر پابندی ہوگی۔ پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو درخواست کی گئی ہے۔
پنجاب حکومت کے مراسلے کے مطابق راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز 5 اکتوبر 2026 تک تعینات رہیں گے۔ ترجمان محکمہ داخلہ نے کہا کہ یہ اقدام عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔


