کراچی (لارڈ میڈیا): ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے دن بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق، مقامی صرافہ بازاروں میں آج فی تولہ سونے کی قیمت میں 1800 روپے کی مزید کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 53 ہزار 936 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
پچھلے تین دنوں کے دوران سونے کی قیمت میں 6300 روپے کی مجموعی کمی ہوئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1544 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے، اور یہ 3 لاکھ 89 ہزار 176 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 30 روپے کم ہو کر 7008 روپے ہو گئی ہے۔
سونے کی قیمت میں کمی کا بنیادی سبب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں آنے والی کمی کو قرار دیا جا رہا ہے۔ عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 18 ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد یہ 4314 ڈالر کی سطح پر آ گئی ہے۔
عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کا اثر پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی پڑا ہے، جہاں گزشتہ روز کے مقابلے میں آج سونے کی قیمت مزید نیچے آئی ہے۔


