لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت سے 27 ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش کی درخواست کی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی حکومت کو خط لکھا ہے جس میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کو بند یا ڈاؤن گریڈ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ درخواست ضلع اٹک اور راولپنڈی کے مخصوص علاقوں کے لیے کی گئی ہے۔ پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امن و امان کی متوقع صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے، جس کے باعث اسلام آباد جانے والے راستوں پر کنٹینرز لگائے جا رہے ہیں۔ پنجاب بھر میں دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے۔
پنجاب حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست بھی کی ہے، جو 5 اکتوبر تک مانگی گئی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ورنہ ان کے ساتھ وہ ہوگا جو یہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔


