ہومتازہ ترینشہباز شریف کی بوسنیا کے صدارتی کونسل کے چیئرمین سے ملاقات

شہباز شریف کی بوسنیا کے صدارتی کونسل کے چیئرمین سے ملاقات

اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بوسنیا و ہرزیگووینا کی صدارتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بوسنیا کے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا، جن میں سیاسی و اقتصادی تعاون، دفاع، ہنرمند افرادی قوت کا تبادلہ، تعلیم اور ثقافت کے شعبے شامل ہیں۔ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے بوسنیا و ہرزیگووینا کے ساتھ پاکستان کے تاریخی، قریبی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے انہیں تجارت اور اقتصادی تعاون پر مبنی مضبوط شراکت داری میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے بوسنیا کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے بوسنیا کے یورپی یونین میں شمولیت کے مذاکرات کے آغاز پر ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان بوسنیا کو یورپی اور مغربی بلقان کی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی کے لیے مرکز کے طور پر دیکھتا ہے۔

ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ نے پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے باہمی رابطے میں رہنے اور مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں