اسلام آباد (لارڈ میڈیا): سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی نے اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے سعودی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں اور اب وقت ہے کہ ان تعلقات کو اقتصادی اور زرعی شعبوں میں تعاون میں تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھی ذکر کیا۔
ملاقات میں پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمدات اور ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور پانی کے وسائل کے مؤثر استعمال کے ذریعے زرعی پیداوار بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان کے زرعی ماہرین کا وفد جلد ریاض کا دورہ کرے گا۔
سعودی وزیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زراعت، پانی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب، عطا تارڑ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


