اسلام آباد (لارڈ میڈیا): اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملتان سکھر موٹروے پر بھونگ انٹرچینج کی تعمیر کے کیس میں پلاننگ ڈویژن کو فنڈز جاری کرنے کے لیے حتمی مہلت دی ہے۔ جسٹس محمد آصف نے فنڈز جاری نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری کو بتا دیں کہ فنڈز جاری کرنے کے لیے یہ آخری مہلت ہے، بصورت دیگر چارج فریم کیا جائے گا۔
درخواست گزار رئیس منیر کے وکیل وقار رانا نے عدالت کو بتایا کہ یہ کیس آرٹیکل 187 کے تحت عمل درآمد کا ہے اور این ایچ اے، پلاننگ اور فنانس نے ایک سال میں منصوبہ مکمل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ وکیل نے مزید کہا کہ تقریباً 50 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، لیکن فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تاخیر ہو رہی ہے۔
این ایچ اے کے وکیل نے کہا کہ یہ منصوبہ پی ایس ڈی پی کا ہے اور 900 ملین روپے آئندہ سال کے لیے ڈیمانڈ کیے گئے ہیں، ابھی تک فنڈز نہیں ملے۔ وکیل وقار رانا نے استدعا کی کہ کمیشن جا کر پراجیکٹ کی جگہ دیکھے کیونکہ وہاں غیر قانونی استعمال سے خطرات لاحق ہیں۔
عدالت نے سیکریٹری پلاننگ کو فنڈز اجرا کے لیے آخری مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کر دی۔


