فیصل آباد (لارڈ میڈیا): تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے چک نمبر 250 عباس میں پرانی دشمنی کے باعث خانہ بدوشوں کی جھگیوں پر فائرنگ کی گئی، جس سے 8 سالہ بچی اور 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق 8 سے 10 مسلح افراد نے خانہ بدوشوں کی جھگیوں پر حملہ کیا اور خواتین کی مزاحمت پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 55 سالہ زبیدہ بی بی، 35 سالہ عاصمہ اور 8 سالہ مسکان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جبکہ 3 سالہ بچی چہرے پر گولی لگنے سے زخمی ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کیا گیا۔
حملہ آور ایک 15 سالہ لڑکے کو مبینہ طور پر اغوا کرکے ساتھ لے گئے۔ ملزمان کو شبہ تھا کہ قصور میں پولیس مقابلے کے دوران ایک شخص کی ہلاکت کی مخبری خانہ بدوش افراد نے پولیس کو کی تھی۔
واقعے کے بعد پولیس نے لاشیں تحویل میں لے لیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کی اور سی پی او فیصل آباد کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق سینیئر افسران اور فرانزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ سی پی او فیصل آباد نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔


