پنجگور (لارڈ میڈیا): بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنۃ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائی کی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پنجگور کے علاقے کلی سوران میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق، ہلاک ہونے والے دہشتگرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر ایک بڑی دہشتگردی کی کارروائی کرنے جا رہے تھے۔ کارروائی کے دوران جدید ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں کے استعمال سے دہشتگردوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے، جن میں 3 گاڑیاں، 2 موٹر سائیکلیں، آئی ای ڈی ڈیوائس اور کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی شامل ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ہلاک دہشتگرد مقامی افراد سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گی۔


