پشاور (لارڈ میڈیا) نویں جماعت کے طالب علم عبدالمعیز خان نے بیالوجی کے پرچے میں صفر نمبر دیے جانے پر پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔
درخواست گزار کے وکیل امین الرحمن یوسفزئی نے عدالت کو بتایا کہ عبدالمعیز خان نے دیگر تمام مضامین میں اے ون گریڈ حاصل کیا ہے جبکہ بیالوجی کے ایم سی کیوز اور پریکٹیکل میں بھی 25 میں سے 23 نمبر حاصل کیے لیکن تھیوری میں صفر نمبر دیے گئے۔
عدالت نے کنٹرولر امتحانات پشاور بورڈ کو حکم دیا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر طالب علم کا بیالوجی کا پرچہ پیش کریں۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بورڈ نے ابھی تک پرچہ دکھانے کے حوالے سے کوئی رولز نہیں بنائے۔
عدالت نے کہا کہ بیرون ملک بھی چیکنگ کے بعد طالب علم کو پرچہ دکھایا جاتا ہے، یہی عمل یہاں بھی ہونا چاہیے۔ کنٹرولر امتحانات کو آئندہ سماعت پر عبدالمعیز خان کا پرچہ لانے کا حکم دیا گیا ہے۔


