اسلام آباد (لارڈ میڈیا): محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 16 سے 21 اگست کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، باغ، کوٹلی اور میرپور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا میں 17 سے 21 اگست کے دوران پشاور، دیر، چترال، سوات، مالاکنڈ، مردان اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان میں 20 اور 21 اگست کو بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور بالائی پنجاب میں بھی 16 سے 21 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، میانوالی اور دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ بالائی پنجاب کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فیصل آباد، جھنگ، ساہیوال، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 20 اور 21 اگست کو بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں 18 سے 21 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم بلوچستان کے علاقوں موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں 17 سے 20 اگست کے دوران بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بارش کے دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔


