فلاڈلفیا (لارڈ میڈیا) اسلام مخاشیف نے آئرش فائٹر این مچاڈو گیری کو شکست دے کر ویلٹر ویٹ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔ یہ مقابلہ امریکا کے شہر فلاڈلفیا میں ہوا جہاں مخاشیف نے 5 راؤنڈز کے سنسنی خیز مقابلے میں ججز کے متفقہ فیصلے سے فتح حاصل کی۔
این مچاڈو گیری نے دفاعی چیمپئن کے لیے کئی مواقع پر مشکلات پیدا کیں، لیکن مخاشیف کی مضبوط ریسلنگ نے انہیں کامیابی دلائی۔ اس فتح کے ساتھ مخاشیف نے یو ایف سی میں مسلسل 17 فتوحات کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یو ایف سی میں مسلسل 16 فتوحات کا ریکارڈ برازیل کے اینڈرسن سلوا کے پاس تھا، جو مخاشیف نے چیک میڈالینا کو شکست دے کر برابر کیا تھا۔
مخاشیف نے پہلے راؤنڈ میں تیزی سے سنگل لیگ ٹیک ڈاؤن کرتے ہوئے گیری کو زمین پر گرا دیا۔ دوسرے راؤنڈ میں مخاشیف کی زوردار ہائی کک سے مچاڈو گیری لڑکھڑا گئے، جبکہ تیسرے راؤنڈ میں گیری نے کچھ وقت کے لیے برتری حاصل کی۔
چوتھے راؤنڈ میں مخاشیف نے دوبارہ اپنی گرَیپلنگ کا استعمال کیا اور مقابلے پر کنٹرول حاصل کرلیا۔ آخری راؤنڈ میں گیری نے بھرپور کوشش کی لیکن چیمپئن نے خود کو خطرے سے محفوظ رکھا اور ججز کے اسکور کارڈز پر کامیابی حاصل کی۔
فتح کے بعد مخاشیف نے کہا کہ این مچاڈو گیری ایک بہترین فائٹر ہے اور میں اس کی عزت کرتا ہوں۔ اس نے میرے لیے مقابلہ مشکل بنایا، لیکن میں ہر فائٹ میں خود کو ثابت کرتا ہوں۔


