کراچی (لارڈ میڈیا) پاکستانی اداکارہ نمرہ خان کی دوسری شادی بھی طلاق پر ختم ہوگئی ہے۔ نمرہ کے شوہر زین حامد نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے اداکارہ سے طلاق کی تصدیق کی ہے۔ زین حامد کے مطابق دونوں کے درمیان ذاتی اختلافات اور زندگی کے بارے میں مختلف ترجیحات کی وجہ سے یہ رشتہ ختم ہوا۔
نمرہ خان نے جون 2026 میں برطانیہ میں مقیم پائلٹ زین حامد سے شادی کی تھی۔ شادی کے بعد اداکارہ نے اپنی نئی زندگی کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔ تاہم بعد میں نمرہ خان کے والد کی بعض سوشل میڈیا پوسٹس کے بعد ان کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
نمرہ خان نے مداحوں کو یقین دلایا تھا کہ سب کچھ ٹھیک ہے۔ انہوں نے بری نظر سے بچنے کے لیے اپنی شادی کی تصویریں بھی چھپا لی تھیں اور سوشل میڈیا پر کچھ ایسی باتیں لکھی تھیں جن کا اشارہ عام طور پر ان کے سابق شوہر کی طرف سمجھا جا رہا تھا۔
اب نمرہ خان کے شوہر زین حامد نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے طلاق کی خبر پر مہر لگا دی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ میں تصدیق کرتا ہوں کہ میں نے 17 جولائی کو نمرہ خان کو ذاتی اختلافات اور زندگی کے بارے میں مختلف ترجیحات کی وجہ سے طلاق دی۔
زین حامد نے کہا کہ ان کا مقصد کسی پر الزام لگانا نہیں ہے۔ انہوں نے اپنی ایک سابقہ پوسٹ ‘اب آخرکار سکون ہے، اچھا ہوا جان چھوٹی’ کا حوالہ دیتے ہوئے وضاحت کی کہ یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر غیر ضروری پوسٹس اور اسٹیٹس کے ردعمل میں تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلاق کے حوالے سے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور اب وکیل اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے لکھا، میں نمرہ کے آنے والے وقت کے لیے صرف اچھی خواہشات رکھتا ہوں۔ ہم خوش اسلوبی سے الگ ہو رہے ہیں اور یہ علیحدگی ایک مرد کے لیے بھی اتنی ہی مشکل ہوتی ہے جتنی ایک عورت کے لیے۔
یاد رہے کہ نمرہ خان پاکستان کی معروف ٹی وی اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور انہوں نے ‘اے مشتِ خاک’، ‘احرامِ جنون’، ‘اڑان’، ‘مہربانو’، ‘مجھے خدا پر یقین ہے’، ‘چھوٹی سی زندگی’، ‘خوب سیرت’، ‘باغی’ اور ‘امِ عائشہ’ سمیت کئی ڈراموں میں کام کیا ہے۔


