اسلام آباد (لارڈ میڈیا) آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے حکومت سے پرافٹ مارجن میں فوری اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے وفاقی وزیر پٹرولیم کو خط لکھ کر فی لیٹر پرافٹ مارجن میں اضافہ کرنے پر زور دیا ہے۔
او سی اے سی کے مطابق، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں گزشتہ تین سال سے منافع بڑھانے کی کوششوں میں ہیں، لیکن تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ کونسل نے کہا کہ کمپنیاں بڑھتے ہوئے مالی اور ریگولیٹری بوجھ کا سامنا کر رہی ہیں، جس سے کاروباری اخراجات پورے کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
او سی اے سی کے سیکرٹری جنرل ناظر عباس زیدی نے کہا کہ موجودہ فی لیٹر پرافٹ مارجن 7 روپے 87 پیسے ہے، جس میں مزید 2 روپے 23 پیسے کا اضافہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر نے ایک روپے 22 پیسے اضافے کی یقین دہانی کرائی تھی، مگر مالی مشکلات کے پیش نظر مزید اضافہ ضروری ہے۔
او سی اے سی سے وابستہ ملٹی نیشنل آئل انویسٹرز بھی مختلف مسائل کا شکار ہیں۔ کونسل نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کمپنیوں کے پرافٹ مارجن میں فوری اضافہ کر کے مالی مشکلات کو کم کیا جائے تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی مستحکم رہے۔


