اسلام آباد (لارڈ میڈیا) نجی رجسٹرڈ حج آپریٹرز نے حج کوٹہ الاٹ نہ کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔ عدالت نے حج پالیسی 2027-2030 کی تیاری اور نئے آرگنائزرز کے لیے پری رجسٹریشن کلیئرنس سرٹیفکیٹ کا نوٹس چیلنج کرنے پر وفاقی حکومت اور متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔
عدالت نے حج پالیسی کی تیاری کی کارروائی کے منٹس، نئے گروپس کی تھرڈ پارٹی جانچ پڑتال کے طریقہ کار اور نئے حج آپریٹرز کے معیار کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ عدالت نے نئے حج آپریٹرز کو حتمی کوٹہ الاٹ کرنے سے روک دیا، تاہم 21 جولائی کے نوٹیفکیشن کے تحت جاری کارروائی کو فوری طور پر روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا ہے کہ رجسٹرڈ حج گروپ آرگنائزرز کو پالیسی میں شامل ہونے کے باوجود کوٹہ نہیں دیا گیا۔ پالیسی میں دو کیٹیگریز متعارف کرائی گئی ہیں، جن میں میرٹ لسٹ میں ہونے کے باوجود کوٹہ نہیں ملا۔
عدالت نے وزارت مذہبی امور اور دیگر فریقین سے تفصیلی جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 26 اگست کو مقرر کی ہے اور فریقین کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔


