ہومتازہ ترینامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکی عسکری معلومات لیک ہونے کی تحقیقات...

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکی عسکری معلومات لیک ہونے کی تحقیقات کا حکم جاری

واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران امریکی فوج کے ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ذخائر سے متعلق حساس معلومات میڈیا تک پہنچنے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ امریکی میڈیانے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے پینٹاگون کے عسکری ذخائر کے افشا ہونے پر نئی تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی انتظامیہ ان اطلاعات پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کے دوران امریکا کے بعض اہم ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ذخائر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
امریکی میڈیا میں ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں جن میں امریکی فوج کے کم ہوتے ہوئے جنگی ذخائر کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان رپورٹس میں خاص طور پر میزائلوں، فضائی دفاعی نظام اور دیگر اہم جنگی سازوسامان کی دستیابی سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
تاہم امریکی انتظامیہ مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتی رہی ہے کہ امریکا کے پاس ایران کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کے لیے مطلوبہ عسکری صلاحیت موجود ہے۔ اس صورتحال سے صدر ٹرمپ کو تشویش ہے کیونکہ ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی سے متعلق اطلاعات ایران کے ساتھ مذاکرات اور امریکا کی مجموعی عسکری پوزیشن پر اثرانداز ہو سکتی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے نجی ملاقاتوں میں کابینہ کے ارکان اور اپنے قریبی معاونین کے سامنے ہتھیاروں کے ذخائر سے متعلق میڈیا رپورٹس پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ ٹرمپ کا خیال ہے کہ عسکری ذخائر میں کمی سے متعلق اطلاعات ایران کو حوصلہ دے سکتی ہیں اور تہران کو یہ تاثر مل سکتا ہے کہ واشنگٹن طویل جنگ جاری رکھنے کی پوزیشن میں نہیں۔
امریکی صدر کے مطابق ایسی معلومات ایران کے ساتھ مذاکرات میں امریکا کی پوزیشن کو بھی کمزور کر سکتی ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب واشنگٹن تہران پر جوہری پروگرام کے حوالے سے اپنی شرائط تسلیم کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں