اسلام آباد (لارڈ میڈیا) حکومت پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہیپ عامر ڈوگر سے ملاقات کی، جہاں وفاقی وزیر طارق فضل چودھری بھی موجود تھے۔ حکومت نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ اس پیشکش کو سنجیدہ لے۔ حکومت کا موقف ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن کی تجویز کردہ جگہ پر بھی مذاکرات کیے جا سکتے ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی مسائل کا واحد حل بامقصد مذاکرات ہیں اور تمام فریقین کو قومی مفاد میں بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ سردار ایاز صادق سے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات میں قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے کیونکہ مسائل کا دیرپا حل بامقصد مذاکرات ہی سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی اپوزیشن لیڈر کو مذاکرات کی دعوت کا ابھی تک جواب نہیں آیا اور توقع ہے کہ پی ٹی آئی اسے سنجیدگی سے لے گی۔
یاد رہے کہ جنوری 2026ء میں پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے حکومت سے مذاکرات کو عمران خان کی مشاورت سے جوڑا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا اور مذاکرات کی پہلی شرط بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہے۔


