لاہور (لارڈ میڈیا) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈکپ 2026 کے لیے 20 رکنی قومی اسکواڈ اور ٹیم مینجمنٹ کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔ ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد پاکستان دنیا کے سب سے بڑے ہاکی اسٹیج پر مقابلے کے لیے تیار ہے۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں تجربہ کار بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ ابھرتے ہوئے نوجوان باصلاحیت کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ اسکواڈ میں وقار، محمد عبداللہ، محمد سفیان خان، معین شکیل، عبدالوحید اشرف رانا، اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ میں ٹیم مینیجر محمد اویس قرنی، ہیڈ کوچ باب جوہان ویلڈہوف (نیدرلینڈز)، اسسٹنٹ کوچ کرسٹوفر جان بوون (برطانیہ)، اسسٹنٹ کوچ عدنان ذاکر اور ویڈیو ٹیکنیشن اشرف سلطان شامل ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے اعلان کردہ اسکواڈ پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کی جدوجہد میں گرین شرٹس کی بھرپور حمایت کریں۔


