یمن (لارڈ میڈیا) بھارتی مال بردار جہاز بحیرۂ احمر میں یمن کے مغربی ساحل کے قریب ایک بارودی کشتی سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، اس مبینہ حملے میں جہاز کو شدید نقصان پہنچا اور عملے کے متعدد ارکان زخمی ہوئے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
بحری سلامتی کے اداروں نے بتایا کہ جہاز کے عملے نے فوری طور پر ہنگامی اقدامات کیے اور قریبی بحری حکام کو امدادی کارروائی کے لیے اطلاع دی۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، لیکن جہاز کو محفوظ مقام تک پہنچانے کی کوششوں کے باوجود وہ سمندر میں غرقاب ہوگیا۔
بھارتی وزارت خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جہاز سے نامعلوم پروجیکٹائل ٹکرایا، جس کے بعد جہاز ڈوب گیا۔ عملے کے تمام ارکان محفوظ ہیں۔
تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم بحیرۂ احمر میں حالیہ مہینوں کے دوران ایرانی حمایت یافتہ حوثی گروپ کی جانب سے تجارتی جہازوں پر حملوں کے باعث شبہات اسی جانب ہیں۔ حوثیوں نے گزشتہ ماہ سعودی عرب سے وابستہ بحری نقل و حمل کو نشانہ بنانے اور باب المندب کے راستے سے گزرنے پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔
آبنائے ہرمز کے بعد بحیرۂ احمر اور باب المندب اہم ترین آبی گزرگاہیں ہیں، جو ایران امریکا کشیدگی کے باعث متاثر ہیں اور تیل و گیس کی ترسیل میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔


