کراچی (لارڈ میڈیا) : سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن کے تحت چلنے والے ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کے معاملے پر 37 افسران و ملازمین کو حتمی شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ سیسی کمشنر ہادی بخش کلہوڑو نے کہا ہے کہ یہ کارروائی جامع انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کی گئی ہے۔ نوٹس پانے والوں میں سابق و موجودہ افسران اور دیگر عملہ شامل ہیں۔
نوٹس پانے والے افراد میں 10 اسٹاف نرسز، 7 نرس ایڈز، 5 لیڈی ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسرز، 2 کنسلٹنٹ پیڈیاٹریشنز، 2 آڈٹ افسران اور 2 سابق ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر افسران و ملازمین کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
حتمی شوکاز نوٹس میں ان افراد پر سنگین غفلت، فرائض میں کوتاہی اور مؤثر نگرانی نہ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ سیسی کمشنر نے کہا کہ نوٹس یافتگان کو ذاتی شنوائی کا حق دیا گیا ہے۔
نوٹس پانے والوں کو 14 روز کے اندر تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، بصورت دیگر ان کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی جائے گی۔


