زیورخ (لارڈ میڈیا): فیفا نے 2030 کے ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد 48 سے بڑھا کر 64 کرنے کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے۔ یہ فیصلہ فیفا کے نجی سرمایہ کاری منصوبے پر تنقید کے بعد سامنے آیا ہے۔ فیفا نے 64 ٹیموں کی تجویز کے اقتصادی، انتظامی اور کھیل پر اثرات کا جائزہ لینے کے لیے تحقیق شروع کی ہے۔
فیفا کی دستاویز کے مطابق تحقیق کے لیے منتخب ادارے کا اعلان 14 اگست کو ہوگا جبکہ اسے 11 ستمبر تک اپنی رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔ یہ پیش رفت فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے منصوبے ‘فیفا فارورڈ انٹرپرائز’ کے پس منظر میں سامنے آئی ہے۔
کارلوس کورڈیرو، جیانی انفینٹینو کے سینئر مشیر، نے اس تجویز کو ‘فٹ بال کیلئے برا فیصلہ’ قرار دیتے ہوئے استعفیٰ دے دیا ہے۔ یوئیفا نے خبردار کیا تھا کہ اگر فیفا نے ورلڈ کپ کے تجارتی ڈھانچے سے متعلق منصوبہ واپس نہ لیا تو یورپی ٹیمیں بائیکاٹ کرسکتی ہیں۔
فیفا ورلڈ کپ 2030 مشترکہ طور پر مراکش، اسپین اور پرتگال میں ہوگا جبکہ صد سالہ تقریبات کے سلسلے میں ارجنٹینا، پیراگوئے اور یوراگوئے میں بھی میچز ہوں گے۔ کونمیبول نے 64 ٹیموں کی حمایت کی ہے، جبکہ یوئیفا اور شمالی و وسطی امریکہ کی فٹبال تنظیمیں مخالفت کر چکی ہیں۔


