ہومتازہ ترینچین میں اے آئی ڈراموں کے لیے چہرے کرائے پر دینے کا...

چین میں اے آئی ڈراموں کے لیے چہرے کرائے پر دینے کا رجحان

بیجنگ (لارڈ میڈیا): چین میں آرٹیفیشیل انٹیلیجنس کی ترقی نے لوگوں کے لیے آمدنی کا نیا ذریعہ پیدا کر دیا ہے۔ اب لوگ اپنی تصاویر یا چہرے کا لائسنس دے کر 15 سے 700 ڈالر تک کما سکتے ہیں، جو بعد میں اے آئی ڈراموں میں استعمال ہوتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، چین میں کئی آن لائن پلیٹ فارمز لوگوں کو تصاویر رجسٹر کرنے کی سہولت دیتے ہیں اور پروڈیوسرز اپنی ضروریات کے مطابق چہرے منتخب کرتے ہیں۔

چینی پلیٹ فارم ریسٹ آف ورلڈ نے بتایا ہے کہ مائیکرو ڈراموں کی مقبولیت اس رجحان کی اہم وجہ ہے۔ 2026 کے پہلے تین ماہ میں چین میں ایک لاکھ 28 ہزار مائیکرو ڈرامے جاری کیے گئے، جن میں 95 فیصد میں مصنوعی ذہانت استعمال ہوئی۔

شین ژین میں قائم کمپنی ‘ایکٹ آئی ڈی’ نے مارچ 2026 میں اپنی سروس شروع کی۔ اب تک 800 افراد نے رجسٹریشن کرائی ہے اور 300 افراد نے چہرے لائسنس دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ہر قسط پر 15 سے 74 ڈالر تک ادائیگی ہوتی ہے، جس پر کمپنی 10 فیصد کمیشن لیتی ہے۔

چینگڈو کی ‘نیو کلا’ کمپنی نے بھی چہروں کے لائسنس دینے کا کاروبار شروع کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق، اے آئی کے بڑھتے رجحان نے روایتی ڈراموں اور اشتہارات کے بجٹ کو متاثر کیا ہے۔ کمپنی نے ہر تصویر کی کم از کم قیمت 74 ڈالر مقرر کی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کاروبار کے ساتھ قانونی اور اخلاقی مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ چین میں کئی افراد نے شکایت کی ہے کہ ان کے چہرے بغیر اجازت اے آئی ویڈیوز میں استعمال ہوئے۔ گوانگ ژو انٹرنیٹ کورٹ نے 700 سے زائد مقدمات کی سماعت کی ہے جن میں چہرے کے غیر مجاز استعمال کی شکایات تھیں۔

رپورٹ کے مطابق، چہروں کی خرید و فروخت کے معاہدے بعض اوقات اتنے غیر واضح ہوتے ہیں کہ صارف کو یہ بھی معلوم نہیں ہوتا کہ اس کا چہرہ کس مقصد کے لیے استعمال ہوگا۔ بعض ماڈلز نے اس وجہ سے اس کاروبار سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں