اسلام آباد (لارڈ میڈیا): سینٹ قائمہ کمیٹی خزانہ میں ایف بی آر حکام نے انکشاف کیا کہ گزشتہ مالی سال 2025-26 میں بجلی بلوں پر ٹیکس کی مد میں 476 ارب روپے جمع کیے گئے۔ حکام نے بتایا کہ ان میں 351 ارب روپے سیلز ٹیکس اور 124 ارب روپے انکم ٹیکس کے شامل ہیں۔
حکام نے مزید وضاحت کی کہ مالی سال 24-25 میں 562 ارب روپے، 23-24 میں 515 ارب روپے اور 22-23 میں 313 ارب روپے جمع کیے گئے تھے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران صنعتی صارفین سے 66 ارب، کمرشل صارفین سے 52 ارب، اور گھریلو صارفین نان فائلرز سے 4 ارب 82 کروڑ روپے انکم ٹیکس جمع ہوا۔
سیلز ٹیکس کی مد میں 269 ارب روپے نارمل سیلز ٹیکس، 55 ارب اضافی ٹیکس، 55 ارب مزید ٹیکس اور ساڑھے 16 ارب روپے ریٹیلرز سے وصول کیے گئے۔
اجلاس کے دوران سینیٹر زرقا نے خواتین کے عبایا پہننے کو لازمی قرار دینے پر تشویش کا اظہار کیا۔ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ بینکوں کو عبایا پہننے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ کمیٹی نے بینکوں کو ہدایت دی کہ اس حوالے سے سرکلر جاری کریں۔


