ٹاروبا (لارڈ میڈیا): پاکستان کے فاسٹ بولرز محمد عباس اور خرم شہزاد کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں جارحانہ انداز میں وکٹ کا جشن منانا مہنگا پڑ گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دونوں کھلاڑیوں کو ایک ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق، دونوں کھلاڑیوں نے ضابطہ اخلاق کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کی، جو بلے باز کے آؤٹ ہونے کے بعد اشتعال انگیز یا غیر مناسب الفاظ، حرکات یا اشاروں سے متعلق ہے۔
خرم شہزاد پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا جبکہ محمد عباس کو باضابطہ وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے میچ ریفری جیف کرو کی جانب سے تجویز کردہ سزاؤں کو قبول کر لیا، جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ 24 ماہ کے دوران یہ دونوں کھلاڑیوں کی پہلی خلاف ورزی ہے۔ آئی سی سی قوانین کے تحت اگر کوئی کھلاڑی 24 ماہ میں چار یا اس سے زیادہ ڈیمیرٹ پوائنٹس حاصل کر لیتا ہے تو انہیں معطلی کے پوائنٹس میں تبدیل کر دیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 2 سے 6 اگست تک پورٹ آف اسپین میں کھیلا جائے گا۔


