ہومتازہ ترینپاکستان اور امریکا کی سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہو رہی ہے،...

پاکستان اور امریکا کی سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہو رہی ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیشرفت ہو رہی ہے اور دونوں ممالک کی سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ امریکی کانگریسی وفد اور کاروباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے، اسحاق ڈار نے کہا کہ اعلیٰ سطحی روابط پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی نمایاں خصوصیت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان پارلیمانی روابط کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ امریکی کانگریس دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں سہولت کاری کی تھی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا پاکستان کی سب سے بڑی سنگل کنٹری برآمدی منڈی ہے اور گزشتہ مالی سال دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 9.4 ارب ڈالر رہا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان امریکی کپاس اور سویابین کے بڑے درآمد کنندگان میں شامل ہے جبکہ ملک امریکی ہائیڈروکاربنز کے لیے بھی ایک اہم منڈی بن رہا ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق اس وقت پاکستان میں 80 سے زائد امریکی کمپنیاں کام کر رہی ہیں اور متعدد کمپنیاں ٹیکنالوجی، معدنیات، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مکالمے، سفارتکاری اور تنازعات کے پرامن حل کی پالیسی پر عمل جاری رکھے گا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں