جنوبی وزیرستان (لارڈ میڈیا) سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 25 جولائی کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جسے فورسز نے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، جوابی کارروائی میں دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی سمیت خودکش حملہ آور کو چیک پوسٹ کی حدود سے باہر ہی تباہ کر دیا گیا، جبکہ مجموعی طور پر چار دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ چیک پوسٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
سیکیورٹی فورسز نے جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید تین دہشت گردوں کو قریبی عمارت میں محصور کر کے کلیرنس آپریشن میں ہلاک کر دیا۔ کارروائی میں فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ انسدادِ دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ صدر نے فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائے گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بھی سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر اہلکاروں نے خودکش بمبار سمیت چار دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ فتنہ الہندوستان کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔


