اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستانی تاجروں نے چین کو 60 ہزار ٹن چاول برآمد کرنے کے آرڈرز حاصل کرلیے ہیں جبکہ چین نے مکئی کی درآمد کے لیے پاکستانی تاجروں کی رجسٹریشن بھی شروع کردی ہے۔
رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے چین کے دو صوبوں کے ساتھ چاول کی برآمد کے لیے ایم او یو سائن کیے ہیں۔ ان معاہدوں کی مالیت 30 سے 40 کروڑ ڈالر کے درمیان متوقع ہے۔
رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید جیلانی نے کہا ہے کہ چین کو پاکستان سے مکئی کی برآمد بھی جلد شروع ہو جائے گی اور چین کو باسمتی اور نان باسمتی دونوں اقسام کے چاول برآمد کیے جائیں گے۔
جاوید جیلانی نے مزید بتایا کہ رواں مالی سال چاول کی برآمدات دوبارہ 3 ارب ڈالر کی سطح عبور کر جائیں گی اور چین کے دورے کے دوران مزید آرڈرز ملنے کا امکان ہے۔


